ثمینہ بیگ کا ایک اور تاریخی سنگِ میل، جنوبی قطب تک رسائی حاصل کر لی

ثمینہ بیگ کا ایک اور تاریخی سنگِ میل، جنوبی قطب تک رسائی حاصل کر لی

گلگت – پاکستان کی نامور خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ نے عالمی سطح پر ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایکسپلورر گرینڈ سلیم کی تکمیل کی جانب ایک اور فیصلہ کن قدم بڑھا لیا ہے۔ گلگت سے تعلق رکھنے والی ثمینہ بیگ کامیابی کے ساتھ جنوبی قطب (ساؤتھ پول) پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ثمینہ بیگ نے یونین گلیشیئر سے ساؤتھ پول تک کا نہایت دشوار اور چیلنجنگ سفر اسکینگ روٹ کے ذریعے مکمل کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جنوبی قطب پر پاکستان کا قومی پرچم اور اپنی کمیونٹی کا جھنڈا لہرایا، جو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔

کوہ پیما کے بھائی اور معروف ماؤنٹینئیر مرزا علی نے بتایا کہ ثمینہ بیگ کا جنوبی قطب تک اسکینگ کے ذریعے پہنچنا ایک انتہائی کٹھن مرحلہ تھا، جس میں شدید موسم، منفی درجہ حرارت اور طویل فاصلوں جیسے خطرناک چیلنجز شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ثمینہ بیگ کی غیر معمولی ہمت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ثمینہ بیگ کی نظریں اب ایکسپلورر گرینڈ سلیم کو مکمل کرنے پر مرکوز ہیں، جس کے لیے انہیں اب صرف شمالی قطب (نارتھ پول) تک رسائی حاصل کرنا باقی ہے۔ واضح رہے کہ ایکسپلورر گرینڈ سلیم مکمل کرنے کے لیے دنیا کی سات بلند ترین چوٹیوں (سیون سمٹس) کے ساتھ ساتھ جنوبی اور شمالی قطب تک پہنچنا لازم ہوتا ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ثمینہ بیگ اس سے قبل ہی ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرکے سیون سمٹس کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں، اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کوہ پیما ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر ثمینہ بیگ نارتھ پول تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو وہ ایکسپلورر گرینڈ سلیم مکمل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون بن جائیں گی، جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام مزید روشن کرے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے