فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026ء کے لیے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق اس میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالرز (تقریباً 18 ارب پاکستانی روپے) کی خطیر رقم تقسیم کی جائے گی۔ یہ رقم فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ انعامی رقم ہے۔
فیفا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ورلڈ کپ 2026ء کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالرز انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ گزشتہ ایڈیشن ورلڈ کپ 2022ء میں چیمپئن ٹیم کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز ملے تھے۔ اس طرح فاتح ٹیم کی انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز انعام ملے گا۔
فیفا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2026ء کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو تیاریوں کی مد میں اضافی 15 لاکھ ڈالرز فراہم کیے جائیں گے، تاکہ ٹیمیں ٹورنامنٹ سے قبل بہتر انتظامات اور تربیت کر سکیں۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022ء میں مجموعی طور پر 44 کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی گئی تھی، جبکہ 2026ء میں اس رقم میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے، جو فیفا کی جانب سے ٹورنامنٹ کی وسعت اور تجارتی قدر میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کی مشترکہ میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کریں گے، اور یہ پہلا ورلڈ کپ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ فٹ بال ماہرین کے مطابق ٹیموں کی تعداد اور انعامی رقم میں اضافے سے ورلڈ کپ 2026ء تاریخ کا سب سے بڑا اور مہنگا فٹ بال ایونٹ ثابت ہو سکتا ہے۔
