ایک پاکستانی کبڈی کھلاڑی کے بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے، بھارتی شرٹ پہننے اور بھارتی جھنڈا لہرانے کے واقعے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن (PKF) کی جنرل کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور کے مطابق چیئرمین چودھری شافع حسین نے اس معاملے پر غور کے لیے 27 دسمبر کو جنرل کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے، جس میں واقعے کی مکمل تحقیقات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
رانا سرور نے وضاحت کی کہ بحرین میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی، تاہم یہ پاکستان کی سرکاری قومی ٹیم نہیں تھی اور اس ایونٹ کے لیے نہ فیڈریشن سے اجازت لی گئی اور نہ ہی حکومت کو آگاہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خود ساختہ ٹیم تھی جس میں پاکستان کا نام استعمال کیا گیا، جبکہ ایونٹ میں شرکت کے لیے کسی بھی سطح پر قانونی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کو نہ تو اس ٹیم کی تشکیل کے بارے میں بتایا گیا اور نہ ہی ایونٹ کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری نے کہا کہ کسی قومی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنا اور بھارتی جھنڈا لہرانا ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
رانا سرور نے مزید کہا کہ خود ساختہ پروموٹرز کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا اور آئندہ کسی غیرقانونی ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق اگرچہ کلب لیول پر مختلف ممالک کے کھلاڑی ایک ساتھ کھیلتے ہیں، تاہم قومی شناخت اور ملک کے نام کے استعمال کے حوالے سے واضح قوانین موجود ہیں جن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
فیڈریشن حکام کے مطابق اس معاملے کا فیصلہ 27 دسمبر کے اجلاس میں کیا جائے گا، جس کے بعد باضابطہ مؤقف اور ممکنہ پابندیوں کا اعلان کیا جائے گا۔
