اسلام آباد — انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار اور پُرجوش استقبال کیا گیا۔
ایئرپورٹ کے باہر شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے فاتح ٹیم کا والہانہ خیرمقدم کیا۔ قومی پرچم تھامے شائقین نے کھلاڑیوں کے حق میں نعرے لگائے اور تاریخی فتح پر خوشی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج انڈر 19 قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے، جس کے دوران فائنل میں بھارتی ٹیم کو شکست دینے والے نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ یہ پاکستان کی انڈر 19 ایشیا کپ میں دوسری کامیابی ہے۔
اس سے قبل 2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر چیمپئن قرار دیا گیا تھا، تاہم اس بار قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واضح برتری کے ساتھ ٹرافی جیت لی۔
قومی ٹیم کی اس کامیابی کو پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
