پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے دو نئی ٹیموں کی نیلامی مکمل ہو گئی، جس کے بعد لیگ میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ نیلامی کی تقریب میں دونوں نئی فرنچائزز مجموعی طور پر 360 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق ساتویں ٹیم ایف کے ایس گروپ نے سب سے زیادہ 175 کروڑ روپے کی بولی دے کر حاصل کی، جبکہ آٹھویں ٹیم او زی ڈویلپرز نے 185 کروڑ روپے کی بلند ترین بولی لگا کر اپنے نام کر لی۔
ساتویں ٹیم: حیدرآباد
ساتویں ٹیم کی بولی کا آغاز 110 کروڑ روپے سے ہوا، جہاں ایف کے ایس گروپ اور آئی ٹو سی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ آئی ٹو سی نے آخری بولی 174 کروڑ روپے دی، تاہم ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے کی بولی لگا کر فرنچائز حاصل کر لی۔ گروپ کی جانب سے ٹیم کا نام ’حیدرآباد‘ رکھا گیا ہے۔
آٹھویں ٹیم: سیالکوٹ
آٹھویں ٹیم کی نیلامی میں آئی ٹو سی، اے ایم نیکسٹ اور او زی ڈویلپرز کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ آئی ٹو سی نے 182 کروڑ روپے کی آخری بولی دی، جس کے جواب میں او زی ڈویلپرز نے براہِ راست 185 کروڑ روپے کی بولی لگا کر ٹیم حاصل کر لی۔ نئی فرنچائز کا نام ’سیالکوٹ‘ رکھا گیا ہے۔
تقریب کی جھلکیاں
نیلامی کی رنگا رنگ تقریب جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزیر عطا تارڑ، طلال چوہدری اور طارق فضل چوہدری سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے آغاز پر پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز کے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کو شاندار کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا۔ پاکستان شاہینز کو رائزنگ اسٹار ایشیاء کپ جیتنے پر 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی گئی، جبکہ ہانگ کانگ سکسز کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے دیے گئے۔
پی سی بی حکام کے مطابق نئی ٹیموں کی شمولیت سے پی ایس ایل مزید مضبوط ہوگی اور یہ لیگ پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی ایک اہم علامت بنے گی۔
