ادیس ابابا – ایتھوپیا کے وزیرِ اعظم ابی احمد نے بشوفتو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو مکمل ہونے کے بعد افریقہ کا سب سے بڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہوگا۔
سی جی ٹی این کے مطابق یہ جدید ہوائی اڈہ دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر بشوفتو میں تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے پر مجموعی طور پر تقریباً 12.5 ارب امریکی ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایئرپورٹ کی تعمیر کا پہلا مرحلہ چار سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد یہ سالانہ 60 ملین مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھے گا، جبکہ منصوبے کی تکمیل پر یہ گنجائش بڑھ کر 110 ملین مسافروں تک پہنچ جائے گی۔
ایتھوپئن ایئرلائنز کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں دو بڑے مسافر ٹرمینلز، دو متوازی رن ویز، 180 طیاروں کی گنجائش والا ٹارمک، ایک ہوٹل، سالانہ 1.5 ملین ٹن کارگو سنبھالنے کی صلاحیت رکھنے والا کارگو ٹرمینل اور طیاروں کی مرمت و دیکھ بھال کا مرکز شامل ہوگا۔
اس کے علاوہ نئے ہوائی اڈے کو ادیس ابابا سے ملانے کے لیے ایک جدید شاہراہ اور 38 کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ ریلوے لائن کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف ایتھوپیا بلکہ پورے افریقہ میں فضائی سفر اور تجارتی سرگرمیوں کو نئی جہت دے گا۔
