ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اضافی ٹکٹ جاری، آئی سی سی کے پوسٹر میں پاکستان ایک بار پھر نظر انداز

0

لاہور – انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اضافی ٹکٹ جاری کر دیے ہیں، تاہم جاری کیے گئے ٹکٹ پوسٹر میں ایک بار پھر پاکستان کو نمائندگی نہ دیے جانے پر شائقین کرکٹ میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے نئے ٹکٹ پوسٹر میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے کپتانوں کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی کپتان کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا۔ شائقین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے ساتھ روا رکھے جانے والے روایتی تعصب کا تسلسل ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے ٹکٹ پوسٹرز میں پاکستان کی نمائندگی شامل نہیں کی گئی تھی، جس پر اس وقت بھی کرکٹ حلقوں اور شائقین کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔

آئی سی سی کے اس اقدام کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک بڑی اور مقبول کرکٹ ٹیم ہے، جسے اس طرح بار بار نظر انداز کرنا غیر منصفانہ اور جانبدارانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔

کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاملہ ایک بار پھر آئی سی سی کی متنازع پالیسیوں کو نمایاں کرتا ہے، جن پر ماضی میں بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ شائقین کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کو عالمی کرکٹ ادارے کے طور پر تمام رکن ممالک کے ساتھ یکساں اور منصفانہ سلوک کرنا چاہیے۔

پاکستانی شائقین کرکٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی سی سی آئندہ ٹکٹ پوسٹرز اور تشہیری مواد میں پاکستانی ٹیم اور کپتان کی شمولیت کو یقینی بنائے گی تاکہ عالمی کرکٹ میں توازن اور انصاف کا تاثر قائم رکھا جا سکے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.