اسلام آباد — پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے مالی سہولتوں میں اضافہ کرتے ہوئے ایف آئی ایچ پرو لیگ کے دوران یومیہ 115 امریکی ڈالر الاؤنس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کو یہ الاؤنس بین الاقوامی ایونٹ ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شرکت کے لیے فراہم کیا جائے گا۔
ڈی جی پی ایس بی محمد یاسر پیرزادہ نے یومیہ الاؤنس کی منظوری کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو روانگی سے قبل الاؤنس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
کپتان عماد بٹ کا خیرمقدم
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہوگا اور ٹیم بین الاقوامی سطح پر بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کا شیڈول
پاکستان ہاکی ٹیم 10 فروری سے ایف آئی ایچ پرو لیگ کے میچز کا آغاز کرے گی، جہاں قومی ٹیم کو آسٹریلیا اور جرمنی جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف مقابلہ کرنا ہوگا۔
اسپورٹس حکام کے مطابق یہ مالی سہولت کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔
