امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ میں پوری سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد ایران کی عسکری صلاحیت کو ختم کرنا ہے۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس ایران پر حملوں کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کیونکہ ایران کی میزائل اور بغیر پائلٹ طیاروں کی صلاحیت خطے کے لیے بڑا خطرہ بن چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ان صلاحیتوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحری قوت کو بڑی حد تک تباہ کر دیا گیا ہے اور امریکا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ مستقبل میں ایران کی جو بھی قیادت ہو وہ امریکا اور اسرائیل کو دھمکی دینے کے قابل نہ رہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے معاہدے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا تاہم امریکا نے واضح کر دیا کہ اب بہت دیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں تعینات ایرانی سفارت کاروں سے اپیل کی کہ وہ ایک نئے اور بہتر ایران کی تشکیل میں امریکا کا ساتھ دیں۔
امریکی صدر نے یہ بھی اعلان کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے جلد اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عالمی معیشت پر جنگ کے اثرات کو محدود رکھا جا سکے۔
