بالی ووڈ کے سپر اسٹار Sanjay Dutt نے اداکارہ و ڈانسر Nora Fatehi کے ساتھ فلمائے گئے متنازع گانے ’’سرکے چنر تیری سرکے‘‘ پر اٹھنے والے اعتراضات کے بعد باضابطہ معافی مانگ لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت متعلقہ کمیشن کی جانب سے جاری سمن پر پیش ہوئے، جہاں گانے میں مبینہ فحش اور نازیبا مواد سے متعلق ان سے وضاحت طلب کی گئی۔ سماعت کے دوران انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں گانے کے بول، ترجمے یا حتمی پیشکش سے متعلق پیشگی تفصیلی علم نہیں تھا، کیونکہ ان کا کردار بطور پیشہ ور اداکار معاہدے کے مطابق پرفارم کرنے تک محدود تھا۔
اداکار نے کمیشن کے روبرو خواتین کے احترام، معاشرتی اقدار اور سماجی حساسیت کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے مخلصانہ معذرت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی ایسے مواد کی حمایت نہیں کرتے جو خواتین یا کسی بھی طبقے کے لیے نامناسب ہو۔
سنجے دت نے اس موقع پر سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے Nagpur میں قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی 50 بچیوں کے ایک سالہ تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس اقدام پر عملدرآمد کی رپورٹ تین ماہ کے اندر کمیشن میں جمع کرائی جائے گی۔
