پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان جگن کاظم نے ایک مداح کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا انکشاف کیا ہے، جسے انہوں نے اپنی زندگی کے مشکل ترین تجربات میں سے ایک قرار دیا۔
حال ہی میں ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کے دوران انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان کی والدہ شدید علیل تھیں اور وہ سخت ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ ان کے مطابق وہ ایک ایسے ڈاکٹر کی تلاش میں مارکیٹ گئی تھیں جو گھر آ کر ان کی والدہ کا معائنہ کر سکے۔
جگن کاظم نے کہا کہ اس صورتحال میں وہ انتہائی پریشان تھیں اور آنکھوں میں آنسو بھی تھے، تاہم اسی دوران ایک مداح لڑکی نے انہیں ویڈیو میں ریکارڈ کرنا شروع کر دیا۔ اداکارہ کے مطابق وہ اس قدر ذہنی دباؤ میں تھیں کہ مداح کو روک بھی نہ سکیں اور وہ ویڈیو بنا کر وہاں سے چلی گئی۔
اداکارہ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنکار بھی عام انسانوں کی طرح نجی زندگی رکھتے ہیں اور انہیں بھی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عوامی مقامات پر مشہور شخصیات کی پرائیویسی کا احترام کریں اور ان کے ذاتی لمحات کو بغیر اجازت ریکارڈ کرنے سے گریز کریں، کیونکہ ہر انسان کی طرح فنکار بھی دکھ اور آزمائشوں سے گزرتے ہیں۔
