امریکہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور میں اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ تمام سفارتی امور اب اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانے کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔
US Department of State کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ امریکی سفارتی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے اور وسائل کے بہتر انتظام کے لیے کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق پشاور میں قونصل خانے کی بندش کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا سے متعلق تمام سفارتی اور قونصلر معاملات براہ راست اسلام آباد سے دیکھے جائیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا کہ یہ اقدام کسی سیاسی تبدیلی کے بجائے سکیورٹی صورتحال کے جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق خطے میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی ہے، اسی لیے یہ انتظامی فیصلہ لیا گیا۔
پشاور میں امریکی قونصل خانہ کئی سالوں سے خیبر پختونخوا اور قریبی علاقوں میں سفارتی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے، تاہم اب اس کی بندش کے بعد امریکا کی مقامی سطح پر موجودگی محدود ہو جائے گی اور تمام رابطے مرکزی سطح پر منتقل ہو جائیں گے۔
