روس میں پاکستانی سفارتخانے کی معرکہ حق کے حوالے سے خصوصی تقریب

تقریب میں روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، طلبہ، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جس نے پوری قوم کے اتحاد، جرات اور عزم کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا، ایک سال قبل بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے معرکہ حق کے دوران نہایت ذمہ دارانہ، متوازن اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ردعمل دیا، جسے عالمی سطح پر بھی سنجیدگی سے دیکھا گیا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ اس نازک مرحلے پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مکمل ہم آہنگی، بصیرت اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ملک کے دفاع کو یقینی بنایا، جبکہ پاکستانی عوام نے بھی اتحاد اور یکجہتی کی مثال قائم کی۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کا حامی رہا ہے، تاہم قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں سفارت کاری، مکالمہ اور باہمی احترام ہی تنازعات کے حل کا مؤثر راستہ ہیں، اور پاکستان اسی اصولی مؤقف پر قائم ہے۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے حقیقی سفیر ہیں، جو دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں، روس میں پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ قومی مفادات، اتحاد اور حب الوطنی کا عملی مظاہرہ کیا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔

تقریب میں روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے بھی خطاب کیا اور قومی اتحاد و یکجہتی کے پیغام کو اجاگر کیا، شرکاء نے پاکستان کی سول و عسکری قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری، امن اور علاقائی سلامتی کے فروغ میں پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کو خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے