سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر کیئے گئے آپریشنز میں 23 خوارج ہلاک کر دیئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاعات پر آپریشنز دتہ خیل،سپن وام اور بنوں سمیت دیگر مقامات پر کئے گئے، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران آپریشنز کے دوران خوارج کے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خارجی کمانڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی مارا گیا۔
خارجی کمانڈر جان میر عرف طور ثاقب سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا، حکومت نے سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے قتل میں ملوث ہونے پر سر کی رقم مقرر کر رکھی تھی، مارے گئے خوارج سے اسلحہ،گولہ بارود ، دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ اور دیسی ساختہ بم برآمد کیئے گئے ہیں۔
ہلاک دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے،کلیئرنس آپریشن کے دوران خوارج کے زیراستعمال سرنگوں اور بنکرز کا پیچیدہ نیٹ ورک تباہ کر دیا گیا، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خوارج کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، کارروائیاں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی ختم کرنے کیلئے بھرپور طریقے سے جاری رہیں گی۔
