اسرائیل نے لبنان کے ساتھ طے پانے والے نئے امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے خطے میں امن کی کوششوں کو شدید دھچکا پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) جنوبی لبنان سے فوری انخلا نہیں کرے گی بلکہ زمینی اور فضائی کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج جنوبی لبنان میں قائم سکیورٹی زون میں موجود رہیں گی، جس میں بیفورٹ قلعہ کا علاقہ بھی شامل ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق فوج دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور جب تک سکیورٹی صورتحال مکمل طور پر قابو میں نہیں آتی، بے گھر اسرائیلی شہریوں کی اپنے گھروں کو واپسی بھی ممکن نہیں ہوگی۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہریوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ دریائے زہرانی کے جنوب میں جانے سے گریز کریں کیونکہ علاقے میں فوجی آپریشن جاری ہیں۔ لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی لبنان کے شہر صور اور نباتیہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
