مصر نے امریکا سے قدیم تہذیب کے چار نایاب نوادرات واپس حاصل کر لیے

مصر نے امریکہ سے اپنی قدیم تہذیب کے چار نایاب نوادرات واپس حاصل کر لیے ہیں، جو مختلف تاریخی ادوار سے تعلق رکھتے ہیں اور ماضی میں غیر قانونی طور پر ملک سے باہر منتقل کر دیے گئے تھے۔

اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان نوادرات کی واپسی ملک کے ثقافتی ورثے کے تحفظ، تاریخی شناخت کے فروغ اور اسمگل شدہ آثارِ قدیمہ کی بازیابی کے لیے جاری قومی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔

وزارت کے مطابق واپس حاصل ہونے والی اشیا میں سب سے نمایاں گرینائٹ سے تیار کردہ ایک نایاب مجسمے کا سر ہے جس پر شاہی تاج کندہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نوادر قدیم مصری تہذیب کے اٹھارویں خاندان اور نئی سلطنت (New Kingdom) کے دور سے تعلق رکھتے ہیں، جسے مصر کی تاریخ کے اہم ترین ادوار میں شمار کیا جاتا ہے۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ باقی تین نوادرات بھی تاریخی اور آثارِ قدیمہ کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں اور ان کا تعلق مختلف ادوار کی مصری تہذیب سے ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران مصر نے بین الاقوامی تعاون، قانونی کارروائیوں اور سفارتی کوششوں کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک سے ہزاروں اسمگل شدہ نوادرات واپس حاصل کیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد مصر کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانا اور غیر قانونی نوادرات کی تجارت کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے