آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر نے عوامی ایکشن کمیٹی کی حقیقت کھول کر رکھ دی ، کہا کہ ایکشن کمیٹی کا امن مخالف ایجنڈا ناکام ہو چکا، عوام نے احتجاج کا بائیکاٹ کر دیا، آج پورے آزاد کشمیر میں کاروبار معمول کے مطابق کھلے ہیں۔ آزاد کشمیر میں انتخابات پُرامن اور جمہوری انداز میں ہوں گے۔
شاہ غلام قادر نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے پہلے بھی دو تین بار امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی ۔ ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتی ہے، لیکن آزاد کشمیر کے عوام نے ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال کو مسترد کر دیا ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام مکمل امن و امان کے ساتھ اپنے روزگار میں مصروف ہیں۔ پورے آزاد کشمیر میں بازار اور مارکیٹیں کھلی ہیں۔
آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس کا کردار قابل ستائش ہے۔ شرپسند عناصر کے سامنے آزاد کشمیر پولیس نے امن و امان کو یقینی بنایا۔ آزاد کشمیر میں تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کے امن و استحکام پر مبنی مؤقف کو بھرپور حمایت حاصل ہے۔۔ آزاد کشمیر میں انتخابات پُرامن اور جمہوری انداز میں ہوں گے۔
