سوات میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث وادی کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مینگورہ شہر سمیت سوات کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے پہاڑی نظارے مزید نکھر گئے ہیں۔
بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی آگئی ہے اور موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ہے، جس پر سیاحوں نے بڑی تعداد میں وادی کالام اور مالم جبہ کا رخ کر لیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ بتایا گیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 22 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
