پاکستان نے ایشین ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ اپنے نام کر لیا، تاہم فائنل میں اسے ٹاپ سیڈڈ بھارتی جوڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ملائیشیا میں منعقدہ ایشین ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے نور زمان اور ناصر اقبال پر مشتمل جوڑی کا مقابلہ بھارت کے ابھے سنگھ اور ویلاون سینتھل کمار سے ہوا۔ سنسنی خیز مقابلے میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، جبکہ پاکستانی ٹیم رنر اپ قرار پائی۔
پاکستانی جوڑی نے پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں نور زمان اور ناصر اقبال نے میزبان ملائیشیا کی مضبوط جوڑی امیشن راج چندرن اور جوآخم چوا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم فیصلہ کن مرحلے میں بھارتی جوڑی نے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اس کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو شائقین اور ماہرین نے سراہا اور اسے مستقبل کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نور زمان اور ناصر اقبال کی جوڑی نے ایشین ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے سلور میڈل جیت کر ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے، جس سے ملک میں اسکواش کے کھیل کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی موجودگی کو مزید تقویت ملے گی۔
