چین کے صدر شی جن پنگ نے تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ قومی اتحاد کے عمل کو ہر صورت آگے بڑھائے گا اور کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
اپنے خطاب میں صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین قومی اتحاد کے عظیم مقصد کی تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا اور ملک کی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور جدید چین کی تعمیر کے لیے طاقتور فوج ناگزیر ہے، جبکہ چین اپنی قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
شی جن پنگ نے کہا کہ پارٹی کو نقصان پہنچانے والی تمام خرابیوں کا خاتمہ کیا جائے گا اور ریاستی اداروں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دشمن کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو یا چیلنجز کتنے ہی سنگین ہوں، چین اپنے قومی مفادات کے تحفظ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
چینی صدر نے معاشی شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک اعلیٰ معیار کی اقتصادی ترقی کی پالیسی پر مستقل مزاجی سے عمل جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق موجودہ عالمی حالات میں اگرچہ خطرات اور چیلنجز موجود ہیں، تاہم ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
