اسلام آباد: پاک فضائیہ کے بہادر افسر نے خاتون کو بچاتے ہوئے جان دے دی

اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے بہادر افسر نے خاتون کو بچاتے ہوئے جان دے دی۔

ایئر فورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئے، واقعہ اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ کی حدود میں شاہین چوک پر پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم طارق نائنتھ ایوینیو سے گزر رہے تھے کہ ایک موٹرسائیکل سوار کو زبردستی اور خاتون کو مزاحمت کرتے دیکھا۔ گروپ کیپٹن عاصم طارق کی مداخلت پر لڑکی گاڑی کی دوسری طرف بھاگی۔ اسی دوران ملزم سعد نے بدکلامی کی اورفائر کھول دیا۔ گولی لگنے سے عاصم طارق موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے، ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس نے شواہد جمع کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون نے بتایا کہ ملزم اس کا دفترمیں کولیگ تھا، جس نے اسے کام پر ساتھ  لے جانے کی پیشکش کی لیکن راستہ بدل کر زبردستی کہیں اور لے جانا چاہتا تھا۔ خاتون نے کہا مزاحمت کے دوران گروپ کیپٹن عاصم نے بر وقت مداخلت کرکے مجھے محفوظ کیا۔

گروپ کیپٹن عاصم کی قربانی اس بات کی عکاس ہے کہ پاک فوج کے سپاہی صرف سرحدوں ہی نہیں عزت کے بھی رکھوالے ہیں۔ شہید کے عزم اور بلند کردار کی بڑے پیمانے پر ستائش کی جارہی ہے۔ قومی اور سوشل میڈیا پر انہیں خواتین کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے بہادر افسر  کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔ گروپ کیپٹن عاصم شہید کے سوگواران میں بیوہ، بیٹی اور بیٹا شامل ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس سے واقعہ کی  رپورٹ طلب کرلی۔ ملزم کی جلد گرفتاری یقینی  بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہا کہ شہید کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے