سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ مدینہ منورہ میں نادرا آفس کی خدمات دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں، جس کے بعد پاکستانی شہری ایک بار پھر شناختی دستاویزات سے متعلق سہولیات حاصل کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق مدینہ منورہ اور اس کے نواحی علاقوں میں رہنے والے پاکستانی آج (اتوار) سے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی خدمات سے دوبارہ استفادہ کر سکیں گے۔
نادرا کی خدمات سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت حج سیزن کے دوران عارضی طور پر معطل کی گئی تھیں تاکہ حج آپریشن کے دوران انتظامی امور کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔ حج سیزن کے اختتام کے بعد اب یہ خدمات باقاعدہ طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔
نادرا بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ (CNIC)، نائیکوپ (NICOP) اور دیگر شناختی دستاویزات کے اجرا اور تجدید سمیت مختلف رجسٹریشن خدمات فراہم کرنے والا پاکستان کا واحد مجاز ادارہ ہے۔
