محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بالائی حصوں میں طوفانی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات ، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ممکنہ موسمی صورتحال کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خدشہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق آسمانی بجلی گرنے ، تیز آندھی اور جھکڑ چلنے سے کمزور انفرااسٹرکچر، سولر پینلز اور بجلی کے کھمبوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں کو بل بورڈز اور کمزور تعمیرات سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
دوسری جانب، ملک کے جنوبی حصوں میں گرمی کی لہر برقرار ہے۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو میں درجہ حرارت 46 اور سبی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں دن بھر بادلوں کے ڈیرے رہے، جس سے گرمی اور حبس میں کمی آگئی ۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں تیز ہوائیں چلنے اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کردیا۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دالبندین اور سبی آج صوبے کے گرم ترین علاقے رہے جہاں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
واسا نے لاہور میں آج ہونے والی بارش کا ریکارڈ جاری کردیا۔ شہر میں سب سے زیادہ فرخ آباد میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سگیاں میں 27 ملی میٹر، پانی والا تالاب 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا
