شیشہ کیفے اور ایڈز کے بڑھتے کیسز پر نوٹس، ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد طلب

چیف جسٹس محمد سرفراز ڈوگر نے شہری عبدالجبار کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل محمد سہیل خورشید عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شیشہ کیفوں کی تفصیلات طلب کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں این او سی کے ساتھ اور بغیر این او سی کے متعدد شیشہ کیفے قائم ہیں، جہاں شام سے لے کر رات گئے بلکہ صبح تک پارٹیاں جاری رہتی ہیں۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رات دیر تک جاری رہنے والی پارٹیوں کے باعث ایڈز اور ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت شیشہ کیفوں کی مکمل تفصیلات طلب کرے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کیفوں کے خلاف کارروائی کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا جائے۔

عدالت نے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر اور آئی جی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا، بعد ازاں کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے