کراچی: پری مون سون کے دوران رواں سال ملک میں معمول سے 13 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات نے اپریل سے جون کے دوران پری مون سون سیزن کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پری مون سون کے دوران رواں سال ملک میں معمول سے 13 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ کی گئیں جبکہ مجموعی طور پر ملک میں یہ سیزن معمول کے مطابق رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپریل میں ملک میں معمول سے 65 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ ہوئیں اس دوران اپریل کی بارشوں نے مئی اور جون کا خسارہ پورا کردیا کیونکہ مئی اور جون میں ملک میں بارشوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
محکمہ موسمیات کی جاری رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اپریل سے جون تک اوسطاً 73 ملی میٹر بارش ہوئی، 1961 سے اب تک رواں سال کا اپریل ملکی تاریخ کا زائد ترین بارش برسانے والا مہینہ رہا، اپریل میں پنجاب میں معمول سے 109 فیصد زائد جبکہ سندھ میں معمول سے 169 فیصد زائد بارش ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ملک بھر میں مئی میں معمول سے 22 فیصد، سندھ میں 98 اور بلوچستان میں 80 فیصد سے کم بارش ریکارڈ ہوئی۔ مزید برآں جون میں بھی ملک بھر میں بارشیں معمول سے 19 فیصد کم رہیں جبکہ سندھ اور گلگت بلتستان میں بارشوں کی کمی برقرار رہی۔
