ملک میں مون سون بارشوں کا طاقتور سسٹم داخل، سیلاب کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے آج سے 25 جولائی تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ آج سے23 جولائی کے دوران دریاؤں وندی نالوں میں طغیانی اورنشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شدید مون سون کا طاقتور سلسلہ کل سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کا باعث بنےگا، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب میں فلیش سیلاب اور ہل ٹورنٹس میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق دریائے چناب پرمرالہ اور دریائے جہلم پرمنگلا کے بالائی حصے میں سیلابی ریلوں کا امکان ہے، سیالکوٹ، نارووال، گجرات بھمبر سے آنے والے نالے اور مریدکے میں فلیش سیلاب کاامکان ہے۔

ڈی جی خان، راجن پور، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں شدیدبارشوں سے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے کابل اوراس کے معاون دریاؤں میں بلند پانی کی سطح کاخطرہ ہے، دریائےکابل کے ملحقہ علاقوں بلخصوص پنجکورہ، سوات اورچترال میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 20 سے 24 جولائی کے دوران دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کا سیلاب جبکہ راوی، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا نالوں میں بھی طغیانی کاخدشہ ہے، ڈیرہ غازی خان کے رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ اور لاہور، گوجرانوالہ،سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے آج سے 25 جولائی تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو رہا ہے،جس کے باعث بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کےمختلف شہروں میں بھی آج سے بارش کا امکان ہے،پنجاب کے مختلف اضلاع میں کل سے 24 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔

کشمیرمیں آج سے 25 جولائی کےدوران وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پرموسلا دھاربارش متوقع ہے، خیبرپختونخوا کےمختلف اضلاع میں آج سے 23 جولائی تک تیزہواؤں،گرج چمک اوربارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں  25 جولائی تک گرج چمک کےساتھ بارش اورچند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے