وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ جغرافیائی، مذہبی اور ثقافتی بنیادوں پر ہمیشہ قائم رہے گا۔
یوم الحاق پاکستان کے حوالے سے پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کا دن کشمیرکی تاریخ کا ایک اہم اور تاریخی سنگ میل ہے جب کشمیری عوام نے سرینگر میں پاکستان سے الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ19 جولائی 1947 کی قرارداد نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ایک نئی جلا اور واضح سمت فراہم کی۔ اس تاریخی فیصلے نے نسل در نسل کشمیریوں کے دلوں میں آزادی کی شمع کو روشن رکھا۔ بھارتی جبر و استبداد کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی آج بھی زندہ ہے۔
وفاقی وزیرمواصلات کا کہنا تھا کہ الحاق پاکستان کی قرارداد نے ثابت کیا کہ کشمیرکا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان سے جڑا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جائز حق ملنا چاہئے
