کراچی: افغان شہریوں کےلیےجعلی دستاویزات بنانے میں نادرا افسران اور عملے کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی میں نادرا افسران سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور گرفتار ملزمان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فیاض احمد، چوکیدار نادرا جنید احمد اور محمد عمر شاہ شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری میں ملوث تھے۔
ابتدائی شواہد سے ملزمان کے دہشتگرد عناصر سے روابط کی نشاندہی بھی ہوئی ہے، کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ اور دیگر شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ایسا گروہ گرفتار ہوا ہے جو افغان شہریوں کو شناختی کارڈ فراہم کرتا تھا، ملزمان کے رابطے موجودہ دہشتگردی کے واقعات سے بھی ملے ہیں۔
