لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی، جس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گوجرانوالہ کے ہر علاقے کو فیڈر بسوں کے ذریعے میٹرو ٹرین سے منسلک کیا جائے تاکہ شہریوں کو آسان اور مربوط سفری سہولت میسر آ سکے۔ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے منصوبے میں دو ٹنل سیکشن شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سترہ سےانیس کلومیٹر ٹریک کو انڈر گراؤنڈ گزارنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔
منصوبے کے تحت گکھڑ سے ایمن آباد تک 31.5 کلومیٹر طویل ٹرانزٹ سسٹم تعمیر کیا جائے گا، جس میں 24 اسٹیشن قائم ہوں گے جن میں سے دو انڈرگراؤنڈ ہوں گے۔ گرجاکھ، چن دا قلعہ اور گوندلا والا میں ڈپو بھی قائم کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق اس ماس ٹرانزٹ سسٹم میں چھبیس لاکھ مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی، جبکہ ہر اسٹیشن اور ڈپو پر سولر سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ منصوبے کے ساتھ باسٹھ کلومیٹر طویل ڈرین اور ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بھی قائم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا ٹرانسپورٹ کلچر بدل جائے گا اور شہریوں کو ایک جدید اور معیاری سفری نظام فراہم کیا جائے گا۔
