این ڈی ایم اے نے 2 اگست تک ملک بھر میں دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے کا الرٹ جاری کردیا ۔ مقامی سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ عوام کو خدشات کی زد میں آنے والے علاقوں کےغیرضروری سفر سے گریزکی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے جاری الرٹ کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر درمیانے درجے جبکہ کالاباغ، چشمہ اور سکھر کے مقام پرنچلےدرجےکےسیلاب کی صورتحال برقرارہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر درمیانے سے بلند درجے کے بہاؤ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دریائے جہلم، راوی، کابل، ملحقہ دریاؤں اورندی نالوں میں درمیانے درجے کے بہاؤ کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دریائے جہلم، چناب اور راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں پانی کے شدید بہاؤ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کے پی میں وسطی و جنوبی اضلاع اورشمالی بلوچستان میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
