حج اسکیم 2027 سے 2030 کے لیے گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں، جہاں 3 لاکھ 82 ہزار 145 عازمین نے کامیابی سے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم 2027 کے لیے درخواستوں کی وصولی رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ اسکیم کا باضابطہ اعلان وزارت مذہبی امور کی جانب سے کیا جائے گا۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت 60 فیصد کوٹے کے مطابق 1 لاکھ 7 ہزار 832 عازمین حج ادا کریں گے، جبکہ 40 فیصد نجی کوٹے کے تحت 71 ہزار 888 افراد نجی حج اسکیم کے ذریعے حجاز مقدس جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کے واجبات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے، جبکہ عازمین کو طویل (لانگ) اور مختصر (شارٹ) دورانیے کے حج پیکجز میں سے انتخاب کی سہولت بھی دی جائے گی۔
متوقع اخراجات کے مطابق لانگ حج پیکج کی لاگت تقریباً 12 لاکھ روپے جبکہ شارٹ حج پیکج کی لاگت تقریباً 13 لاکھ روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کرا سکیں گے اور حج واجبات ادا کرنے کے اہل ہوں گے، جبکہ پہلے سے رجسٹرڈ عازمین کو صرف حج واجبات جمع کرانے ہوں گے۔
حج 2027 کے لیے درخواست دینے والے عازمین کے لیے لازم ہوگا کہ ان کا پاکستانی پاسپورٹ کم از کم 16 نومبر 2027 تک کارآمد ہو۔
