پاکستان اور جاپان کا ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

پاکستان اور جاپان نے ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرلیا۔وزیراعظم شہباز شریف سے جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ معاشی اصلاحات، معدنیات، ہنرمندی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی، جائیکا، کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو کی قیادت میں نو رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان 7 دہائیوں پر محیط شراکت داری انتہائی اہم ہے اور امید ہے کہ جائیکا کے صدر کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ٹیم ورک کے ذریعے مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پایا اور اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں صرف تین برس میں سرکاری محصولات دگنی ہوئیں جبکہ نوجوانوں کو ہنر، تکنیکی تربیت، باعزت روزگار اور خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

شہباز شریف نے معدنیات کے شعبے میں جائیکا کے تکنیکی تعاون اور سمیڈا کے ساتھ اشتراک کو برآمدات میں اضافے کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے خیرمقدم کیا۔

جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے اظہارِ تعزیت اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جائیکا اور پاکستان کی شراکت داری کی طویل تاریخ ہے اور ادارہ مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے