لاہور : سفیرِ پاکستان برائے ناروے محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سربراہ حافظ محمد اسلم حق کو کمیونٹی کی بے لوث خدمت، پاکستان میں غریب، مسکین، یتیم اور بیوہ خواتین کی مسلسل معاونت، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور نمایاں فلاحی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفکیٹ سے نواز دیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد اسلم حق نے سفیرِ پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کی سفارتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے اپنے دورِ سفارت کے دوران نہ صرف ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مضبوط اور مؤثر روابط قائم کیے بلکہ پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دوستی کے فروغ میں بھی قابلِ قدر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بہترین سفارت کاری اور پیشہ ورانہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔حافظ محمد اسلم حق نے تعریفی سرٹیفکیٹ پر سفیرِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ مستقبل میں بھی انسانیت کی خدمت، دکھی انسانوں کی امداد اور رفاہی سرگرمیوں کو اسی جذبے، اخلاص اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔انہوں نے محترمہ سعدیہ الطاف قاضی کی نئی سفارتی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ آئندہ بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، وسیع سفارتی تجربے اور بہترین قیادت کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کریں گی اور پاکستان و تھائی لینڈ کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
واضح رہے کہ سفیرِ پاکستان برائے ناروے محترمہ سعدیہ الطاف قاضی اپنی سفارتی مدت مکمل کرنے کے بعد آج ناروے سے تھائی لینڈ روانہ ہو گئیں ہیں۔جہاں وہ سفیرِ پاکستان برائے تھائی لینڈ کی حیثیت سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جہاں ان سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔۔
سفیرِ پاکستان برائے ناروے نے حافظ محمد اسلم حق کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نواز دیا
