روس کے کیف پر بڑے میزائل حملے، 17 افراد ہلاک، یوکرین نے مزید فضائی دفاعی نظام کا مطالبہ کر دیا

روس نے بدھ کی علی الصبح یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے گرد و نواح پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے بڑے پیمانے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد گودام، لاجسٹک مراکز اور تجارتی تنصیبات تباہ ہو گئیں۔

یوکرائنی حکام کے مطابق حملے کے دوران شہر اور اس کے اطراف میں متعدد طاقتور دھماکے سنے گئے اور کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ متاثرہ علاقوں میں گودام، لاجسٹک مراکز، رہائشی عمارتیں، نجی مکانات اور درجنوں گاڑیاں نقصان کا شکار ہوئیں۔

کیف کے مضافاتی شہر برووری میں ایک مسافر ریلوے اسٹیشن پر متعدد افراد جان سے گئے، جبکہ امدادی ٹیموں نے ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری رکھیں۔

یوکرائنی فضائیہ کے مطابق روس نے حملے میں 24 بیلسٹک میزائل، چار زرکون کروز میزائل اور 115 ڈرونز استعمال کیے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے تقریباً 90 فیصد ڈرونز تباہ کر دیے، تاہم بیلسٹک میزائلوں کو روکنے میں کامیابی حاصل نہ ہو سکی، جس کے باعث جانی اور مالی نقصان میں اضافہ ہوا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے