وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی قائم ہوں کہ نظام تباہ ہوا ہے، میں نے80سال کا نظام تباہ ہونے کا کہا تھا اور میرا بیان حکومت کیخلاف چارج شیٹ نہیں بلکہ نظام کی خامیوں کی شاندہی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت کے 5 سال مکمل کرے گی، وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے وزیراعظم تمام وزارتوں کی تھرڈ پارٹی آڈٹ کروائیں ،حقائق عوام کے سامنے آئیں کہ کونسی وزارت کتنی کارکردگی دکھا رہی ہے اور میری پارلیمانی حاضری تقریباً 70 فیصدہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج بھی قائم ہوں کہ نظام تباہ ہوا ہے، میں نے80سال کا نظام تباہ ہونے کا کہا تھا، آج بھی سمجھتاہوں کہ80سال سے جو نظام ہے وہ تباہ ہے، میرابیان حکومت کےخلاف چارج شیٹ نہیں تھابلکہ نظام کی خامیوں کی نشاندہی تھی، وزیراعظم شہباز شریف روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں، وزیراعظم کو مؤثر نظام اور مکمل سپورٹ میسر آئے تو نتائج کئی گنا بہتر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی ایف بی آر کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا، سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل ہوئیں اور متعدد اصلاحات نافذ کی گئیں، بعض عناصر ان کے اور وزیراعظم کے تعلقات خراب دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم ایسی خواہشیں پوری نہیں ہوں گی، حکومت مستحکم ہے، اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی۔
