پاکستان کا 79 واں یومِ آزادی شایانِ شان طریقے سے منایا جارہا ہے

آج 14 اگست کو پاکستان کا 79 واں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے، اس حوالے سے ملک بھر میں مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر دن كا آغاز توپوں كی سلامی سے ہوا، نماز فجر كے بعد ملک كی خوشحالی، سلامتی، امت مسلمہ كے اتحاد اور كشمیریوں كی جدوجہد كی كامیابی كے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

یوم آزادی پر مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقارتقریب ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھال لیے۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمدعمیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

یوم آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، سروسز چیفس اور مسلح افواج کی جانب سے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے اور پیغام میں کہا کہ مسلح افواج قائداعظم،بانیوں اور قربانیوں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عظیم قربانیوں نے آزادی کی آرزو کو خودمختار پاکستان کی حقیقت میں بدل دیا، ان کا ویژن، ہمت اور عزم قوم کیلئے رہنمائی کی قوت بنے ہوئے ہیں، یہ قربانیاں اصولوں اور نظریات کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتی رہتی ہیں، مسلح افواج اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں، شہداءکی قربانیوں نے ملک کی آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ کیا ہے۔

مسلح افواج مادروطن کے دفاع کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں، مسلح افواج ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ثابت قدم رہیں گی، پاکستان کی طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں مضمر ہے، آئیے ایمان، اتحاد اور نظم وضبط کے اصولوں کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں، آئیے رواداری کو فروغ دیں،محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کیلئےمل کرکام کریں

صدرمملکت آصف علی زرداری  اور وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ 79ویں یومِ آزادی کےموقع پرتمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، 14 اگست کو ان قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا، قائداعظم،آزادی کے رہنماؤں اور کارکنوں اور قربانیاں دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

آزادی صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے، پاکستان کومزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا، معرکہ حق نے یہ ثابت کیا پاکستان امن کاخواہاں ہے لیکن خودمختاری سے مالامال ہے، آج ہمیں جو امن اور استحکام حاصل ہے،اس کیلئے بڑی قیمت ادا کی گئی ہے، مسلح افواج،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان کی بہادری اور عزم نے ہماری قوم کے تحفظ میں اہم کردارادا کیا ہے، یقین ہے تنازعات کو بالآخر مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیاجانا چاہیے، ہماری سلامتی ہمارے پڑوس اور پوری دنیا کے امن اور استحکام سے جڑی ہوئی ہے، پاکستان کشیدگی کم کرنے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا، پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے، ہمارے عوام کو امن اور خوشحالی عطا کرے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے تمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے یومِ آزادی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ صد شکر کہ اللہ تعالیٰ نے مملکت خداداد کی صورت میں آزادی کی نعمت سے نوازا، من حیث القوم تحریک آزادی کے قائدین،کارکنان اور اسلافِ ملت کو سلام پیش کرتے ہیں، قائدِاعظم کی مدبرانہ قیادت کی بدولت آزاد مملکت کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے