وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے خود کو امن کا دشمن ثابت کیا۔ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے۔ بھارت راہ راست پر نہ آیا تو براہ راست جواب دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں یاد گار افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ معرکہ حق میں ایئرچیف کی قیادت میں پاک فضائیہ اور نیول چیف کی قیادت میں پاک نیوی کا کردار امر ہوگیا، دشمن نے آئندہ بھی ہمیں چیلنج کیا تو مئی 2025 سے بھی زیادہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ فتح پاکستانی عوام، افواج کی فتح ہے اور یہ فتح ہم سب کی ماتھے کا جھومر ہے، ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم عزت اور وقار کے ساتھ امن کے لیے کھڑے ہیں اور اس خطےمیں استحکام کی ضمانت بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکے کا یہ پیغام پوری دنیا تک پہنچ چکا ہے اور دنیا جانتی ہے کہ اس معرکے نے پاکستان کے وقار میں ایسا غیرمعمولی اضافہ کیا ہے، جس کی عصر حاضر میں مثال نہیں ملتی، یہ حقیقت اب بھی کسی کی سمجھ میں نہیں آئی تو اس کے لیے ہمارا پیغام واضح ہے کہ وہ پانی عبرت ناک شکست کو یاد رکھے اور اگر آئندہ کسی نے بھول سے بھی پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کو چیلنج کیا تو اس سے مئی 2025 سے بھی زیادہ قوت کے ساتھ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ برس جنگ میں شکست کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ اور غیرقانونی طور پر معطل کرکے خود کو امن کا دشمن ثابت کیا ہے، میں واشگاف الفاظ میں اعلان کرتا ہوں کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اس سے براہ راست جواب دیا جائے گا۔
