چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑی مشکل اور طویل عرصے بعد ہم اس فیصلے پر پہنچے ہیں، میں دونوں فریقین سے کہوں گا کہ اس عمل کو سبوتاژ نہ کریں، حکومت نے اپیل تو دائر کی ہے لیکن ابھی نمبر الاٹ نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر کا کہناتھا کہ مجھے امید ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہو گا، ہم نے کل بھی کہا تھا کہ فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سے بھی درخواست کی ہے، سوشل میڈیا پر ایسا کام نہ کریں جس سے منفی اثرات ہوں، بانی کی صحت ترجیح ہے،کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے، مقتدرہ اور حکومت سے درخواست ہے کہ فیصلے پر عملدرآمد ہونے دیں، بانی کا مزاج پتہ ہے،وہ علاج کی حد تک ہی اسپتال میں رہیں گے، اس فیصلے تک پہنچنے میں بڑی کوششیں کیں،فریقین دل بڑا کریں، حکومت کو پریشانی نہیں ہونی چاہئے،ہم نے ہر طرح کی یقین دہانی دی ہے، ان لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے کل ملاقات کرائی، نورین بی بی کی وعدے کے مطابق ملاقات کرائی گئی،یہ ہمارا حق ہے، جو کچھ ہورہا ہے،یہ کوئی ڈیل کا نتیجہ نہیں صحت کا معاملہ ہے۔
