وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں موقع ملا تو امت مسلمہ کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی ، آج ہمیں پاکستان کے اندر بھی اتحاد کی ضرورت ہے، عوام کو فتنہ ،مفاد پرست عناصر سے بچانا ہے جو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد قابل فخر قومی روایت ہے، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام،مشائخ، محققین ایک چھت تلے جمع ہوتےہیں ، نبی اکرم ﷺ ہماری پہچان ،عزت اور جان ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب نبی اکرم ﷺ کی رحمت کے سائےمیں ایک ملت ہیں ، نئی نسل پاکستان کی امید اور مستقبل ہے، پاکستان پراللہ تعالیٰ کا کرم اورنبی کریمﷺ کی نگاہ رحمت ہے، سیرت طیبہ اخلاق و کردار کا کامل نمونہ ہے، طائف کا واقعہ صبر وبرداشت کی عظیم مثال ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے سال جو جنگ ہوئی پوری قوم یکجان تھی، ہمیں موقع ملا تو امت مسلمہ کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی، ہماری مشترکہ کوششوں سے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی ہوئی، مسلمان ممالک کو تقسیم کرنے کی دشمنوں کی سازش ناکام ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ امن کیلئے خدمات پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر کھڑا تھا،ہم نے جنگ بندی کرائی ، سعودی ولی عہد آہنی دیوار کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ،سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ دفاعی مشترکہ معاہدہ کیا ، ترکیہ اور سعودی عرب مخلص ساتھی، ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج ہمیں پاکستان کے اندر بھی اتحاد کی ضرورت ہے، عوام کو فتنہ ،مفاد پرست عناصر سے بچانا ہے جو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، بھارت سے پچھلے سال جنگ میں پوری قوم یکجان تھی، مسلمانوں میں تقسیم کی سازش کو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ناکام بنایا۔
