خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی پشاور کیلئے 2 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ روپے کی مزید 50 بسیں خرید لیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے خریدی گئی 50 نئی بسوں میں سے مزید 27 بسیں اگلے مرحلے میں پشاور پہنچیں گی جس میں سے 2 بسیں کمپنی کی جانب سے تحفے کے طور پر دی گئی ہیں۔
بی آر ٹی بسوں کی تعداد 244 سے بڑھ کر 269 ہوگئی ہے جبکہ تمام نئی بسیں پہنچنے کے بعد بی آر ٹی بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہو جائے گی۔
ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی کی موجودہ 244 بسوں میں سے 5 بسیں خواتین کیلئے مختص کی جائیں گی، ان پنک بسوں کے روٹس سے متعلق تفصیلات بھی جلد مکمل کرلی جائیں گی۔
ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی بسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو 100 بسیں خریدنے کی سفارش کی گئی تھی، جس میں 50 ڈیزل ہائبرڈ اور 50 الیکٹرک بسیں شامل ہیں۔
صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پہلے مرحلے میں 50 ڈیزل ہائبرڈ بسیں خریدی جانی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 50 الیکٹرک بسیں خریدی جائیں گی۔
ٹرانس پشاور کے مطابق بسوں کی خریداری پر مجموعی طور پر 3 ارب 20 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔
