ٹیلی کام صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اہم اقدام کرتے ہوئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اپ گریڈ کردیا۔
پی ٹی اے نے اپ گریڈ شدہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کی موبائل ایپ بھی لانچ کردی، جس میں او ٹی پی پر مبنی ملٹی فیکٹر توثیق متعارف کرائی گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق نئی ایپ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ اپ گریڈ شدہ ایپ کو صارفین کے لیے زیادہ محفوظ اور آسان بنایا گیا ہے۔
ٹیلی کام صارفین اب موبائل ایپ کے ذریعے اپنی شکایات درج کرنے کے ساتھ ان کی پیش رفت بھی باآسانی دیکھ سکیں گے۔
نئی ایپ میں شکایات کی جانچ پڑتال اور متعلقہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے نظام کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق موبائل نمبرز سے متعلق مشتبہ فراڈ کی اطلاع دینے کے لیے ایپ میں نیا ماڈیول بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین موبائل نمبرز سے متعلق مشتبہ فراڈ کی سرگرمیوں کی رپورٹ کرسکیں گے۔
