پنجاب یونیورسٹی اور ترکیہ کی ٹکا اور یلدرز ٹیکنیکل یونیورسٹی کے درمیان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں معاہدہ طے پا گیا

مصنوعی ذہانت کے شعبے میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو نئی وسعت دینے کے لیے ٹکا، پنجاب یونیورسٹی اور یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔

یہ معاہدہ پاکستان کے دورے پر آئے ترکیہ کے اعلیٰ تعلیمی وفد کے دورے کے دوران ہوا، جس کی قیادت ترکیہ کی کونسل آف ہائر ایجوکیشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ای رول اوزوار نے کی جبکہ پاکستان میں ترکیہ کے ایجوکیشن قونصلر مہمت توئران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

معاہدے پر یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ایوب دیبک، پنجاب یونیورسٹی کے  وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم اور ٹیکا پاکستان کی کنٹری کوآرڈینیٹر صالحہ تونا نے دستخط کیے۔

تعاون کا اہم مرکز پنجاب یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینئرنگ میں ٹیکا کے تعاون سے قائم کی جانے والی انسانی مرکز مصنوعی ذہانت کی جدید لیبارٹری ہے۔جدید کمپیوٹنگ اور سرور انفراسٹرکچر سے لیس یہ لیبارٹری تکنیکی سہولیات کے ساتھ پاکستان اور ترکیہ کے محققین، اساتذہ اور طلبہ کے لیے مشترکہ تحقیق اور علمی سرگرمیوں کا پلیٹ فارم بنے گی۔

یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ انسانی مرکز مصنوعی ذہانت سے متعلق تعلیمی مواد، تحقیقی وسائل اور تدریسی تجربات کا تبادلہ کرے گی، جبکہ اے آئی کے متعلقہ کورسز پڑھانے والے پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ کی تیاری میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔

معاہدے کے تحت دونوں جامعات مشترکہ تحقیقی منصوبوں، طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں اور پوسٹ گریجویٹ تحقیق کے مواقع کو بھی فروغ دیں گی۔

اگلے پانچ برسوں کے لیے تعاون کے واضح اہداف بھی مقرر کیے گئے ہیں، جن میں دس سے زائد مشترکہ تحقیقی مقالوں کی اشاعت، کم از کم پانچ بیرونی مالی معاونت حاصل کرنے والے مشترکہ منصوبے، جبکہ بیس سے زائد ایم فل اور پی ایچ ڈی مقالوں کی معاونت شامل ہے۔

پنجاب یونیورسٹی میں قائم اس جدید اے آئی لیبارٹری کا باضابطہ افتتاح جلد متوقع ہے، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مشترکہ تحقیق اور تربیتی سرگرمیوں کا عملی آغاز مزید منظم انداز میں ہوگا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے