پنجاب میں قیامِ امن کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا جبکہ صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارتِ داخلہ کو مراسلہ جاری کردیا ہے، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کے دستے 5 اکتوبر تک تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق رینجرز کے دستے 5 اکتوبر 2026 تک تعینات ہوں گے، راولپنڈی میں رینجرز کی 3 کمپنیوں کی تعیناتی، اٹک میں رینجرز کے 5 ونگز ، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی 1، 1 کمپنی تعینات ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ عوامی مقامات، شاہراہوں یا کھلی جگہ پر پانچ یا زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔ اطلاق 23 ستمبر سے پانچ اکتوبر تک ہوگا۔
عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش، غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کیلئے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد و دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا۔
حکام کے مطابق پنجاب بھر میں عوامی امن، سکون اور جان و مال کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کی گئی۔
