وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف دھرنوں کی سیاست ترک کرے ورنہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، دھرنا ختم کریں، آئیں بیٹھیں بات چیت کریں۔
اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے کام جاری ہے، دوسری جانب لانگ مارچ کا بھیانک سایہ دوبارہ نمودار ہورہا ہے، اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، دھرنوں اور لانگ مارچ کو ختم کریں۔
شہبازشریف نے کہا کہ امیدکی جارہی تھی کہ اپوزیشن سے مذاکرات کے مثبت نتائج نکلیں گے، بدقسمتی سے مذاکرات کے مثبت نتائج نہیں نکل سکے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے پوری سنجیدگی سے مذاکرات کیے، آخری لمحوں میں طے شدہ چیز میں تبدیلیاں کی گئیں، ان کا ایک ہی مقصد تھا کہ بات چیت کسی طرح کامیاب نہ ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے اور لانگ مارچ سے سب سے پہلے معیشت متاثر ہوگی، کیا معیشت کو نقصان پہنچانا ملک دشمنی نہیں؟ عوام کےجان ومال کا تحفظ ہمارا فرض ہے، قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ تحریک انصاف دھرنوں کی سیاست ترک کرے۔
شہبازشریف نے اپوزیشن کو پھر مذاکرات کی پیشکش کردی، کہا پی ٹی آئی دھرنے اور لانگ مارچ ختم کرے تو ہم پھر بیٹھیں گے۔ دھرنوں اور لانگ مارچ سے قوم اور ملک کو نقصان ہوگا، دھرنے اور لانگ مارچ کی سیاست کے نتیجے میں پہلا نشانہ معیشت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیرچوک توسیع منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، محسن نقوی نے منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کرانے کا منصوبہ بنایاہے، محسن نقوی اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
