محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24گھنٹے کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی، آج رات خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، کئی مقامات پر بجلی گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش متوقع ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، باجوڑ، صوابی اور نوشہرہ میں بھی بارش کی پیشگوئی جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ کچے مکانات، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پشاور سٹی میں سب سے زیادہ اڑتیس ملی میٹر بارش ریکارڈ ۔۔ اٹک میں اکتیس، چراٹ میں سترہ اور مالم جبہ و تخت بھائی میں دس دس ملی میٹر بارش ہوئی۔اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اٹھائیس ڈگری ،لاہور میں سینتیس ، فیصل آباد اور ملتان میں چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔تربت چوالیس ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا ۔
