وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں، حوثی ملیشیا فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں شہبازشریف نے سعودی عرب پر حوثی میزائل حملوں کی شدید مذمت اور شہریوں کےجانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ ریاض کے کنگ خالد اور ابہا ایئرپورٹس پرحملوں کی مذمت کرتے ہیں، سعودی افواج اور اتحادی فورسزکی مستعدی اورپیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کا غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا، کہا سعودی عرب کو اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں، سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لیے بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، حوثی ملیشیا فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرے۔
یاد رہے کہ ریاض اور ابہا ایئرپورٹ پر گزشتہ روز حملوں میں تین افراد جاں بحق اور ایک پاکستانی سمیت 28 زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب حوثی باغیوں نے ایک بار پھر ریاض اور خمیس مشیط کو نشانے بنانے کی کوشش کی۔ ریاض میں فائر کیے گئے بیلسٹک میزائل کو اتحادی افواج نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔
میزائل کا ملبہ گرنے سے اسکول اور میڈیکل کمپلیکس کونقصان پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خمیس مشیط میں بھی اتحادی فوج نے دو بیلسٹک میزائل مار گرائے۔
