سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع تیل کی بڑی کمپنی آرامکو کے مرکزی دفتر پر حوثیوں کے حملے کے نتیجے میں عمارت کی کئی منزلوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ سعودی وزارت توانائی کے مطابق عمارت کو محدود نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے بتایا کہ اتوار کی علی الصبح سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض پر حوثیوں کے داغے گئے میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے۔
حوثیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی اتحاد کے مطابق مشرقی صوبے میں بھی ایک حوثی میزائل کو روک لیا گیا، جہاں سعودی عرب کے بیشتر تیل اور گیس کے ذخائر موجود ہیں۔ اتحاد نے مزید بتایا کہ حوثیوں کے حملوں میں استعمال ہونے والے بیلسٹک میزائلوں کے لانچنگ مراکز کو بھی صنعاء اور صعدہ میں تباہ کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حوثیوں نے حالیہ ہفتوں میں آرامکو کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں بڑھا دی ہیں۔

