وزیر اعظم کے مشیر راناثنا اللہ نے ایک نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم سے اداروں کی دوری نہ ہوئی ہے اور نہ کبھی ہوسکے گی۔ہمارے اعتماد کی بنیادی وجہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی شخصیت ہے۔
ان کا کہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف اپیل کا فیصلہ جس دن آئے گا، اُس دن سازشی نظریات اور ابہام کا خاتمہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان سے ملاقات 28 ویں ترمیم کیلئے نہیں کروائی گئی۔ایسا نظریہ بالکل غلط ہے۔
یاد رہے کہ 11 نومبر کو لطیف کھوسہ اورسلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات کرائی گئی جو 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ دونوں وکلا نے بانی پی ٹی آئی سے مقدمات اورمتفرق پٹیشنز پر تفصیلی مشاورت کی، ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ وکلا نے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلووں پر بھی عمران خان سے مشاورت کی۔
بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی، دونوں وکلا کی ملاقات اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پرکرائی گئی۔

