پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔
ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو کا شاندار کام کیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ریکارڈ مدت میں اسٹیڈیم کی تکمیل ایک قابلِ تعریف اقدام تھا۔ نئے قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور یہ اب دنیا کے بہترین کرکٹ اسٹیڈیمز میں شمار ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیمز کی موجودگی مستقبل میں پاکستان کے لیے آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی متاثر کن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں عالمی معیار کی سہولیات، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے جامع منصوبہ بندی، نئے پویلین، سوئمنگ پول اور دیگر جدید سہولیات مستقبل کے کرکٹرز کی تیاری میں اہم کردار ادا کریں گی۔

