چلی میں لائیو کامیڈی شو کے دوران اس وقت غیر متوقع صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک شخص اسٹیج پر چڑھ آیا اور معروف اسٹینڈ اَپ کامیڈین لوئس سلیمنگ پر حملہ کردیا۔
یہ واقعہ اریکا کے میں پیش آیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص شائقین میں سے نکل کر اسٹیج پر چڑھتا ہے اور کامیڈین کو گھونسے اور لاتیں مارنا شروع کردیتا ہے۔ لوئس سلیمنگ نے اپنا دفاع کرنے کی کوشش کی، تاہم بعدازاں شو کی پروڈکشن ٹیم کے ارکان نے مداخلت کرکے حملہ آور کو ان سے الگ کیا۔
واقعے کے بعد کامیڈین کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ شو منسوخ کردیا گیا۔
چلی کی تحقیقاتی پولیس (پی ڈی آئی) کے مطابق حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ اریکا میں تعینات تفتیش کاروں نے کامیڈین پر حملے کے بعد کارروائی کی۔

